ملک بھر کے شہریوں نے بہتر انتظامی نظام، یکساں ترقی اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کو ناگزیر قرار دے دیا۔
گوادر، لسبیلہ اور کراچی ، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے شہریوں کا کہنا ہے کہ آبادی میں اضافے اور انتظامی مشکلات کے باعث موجودہ نظام عوام کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہے، اس لیے نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نئے صوبے ، پیپلزپارٹی نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا، خواجہ آصف
شہریوں کے مطابق نئے صوبے اور انتظامی یونٹس بننے سے ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی، روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور دور دراز علاقوں کو بھی حکومتی توجہ حاصل ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوام کے لیے حکومتی اداروں تک رسائی آسان ہوگی اور مقامی مسائل بہتر انداز میں حل کیے جاسکیں گے۔
گوادر اور لسبیلہ کے شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں کو الگ انتظامی یونٹس میں تبدیل کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات اور حکومتی وسائل تک بہتر رسائی مل سکے۔
ان کے مطابق نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقے کی ترقی میں تیزی آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:نئے صوبے ناگزیر ،ہمیں مرنے سے نہ ڈرائیں، بلاول کو ہزاروں ارب روپے آنا بند ہونے کا ڈر ہے، مصطفیٰ کمال
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن، بے روزگاری اور بجلی و پانی جیسے بنیادی مسائل سے نمٹنے کے لیے بھی انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ضروری ہے۔
ان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی معاملات بہتر بنانے اور ملک کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی کو یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔




