محکمہ وائلڈ لائف کی بروقت کارروائی، کوٹلی سے نایاب پینگولین بحفاظت ریسکیو

 آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے علاقے دھمول میں محکمہ وائلڈ لائف نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک شہری کے گھر سے نایاب نسل کے جنگلی جانور پینگولین کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔

محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق پینگولین کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پروٹیکشن ٹیم کو فوری طور پر دھمول روانہ کیا گیا، جہاں ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نایاب جانور کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان: 60کروڑ آمدنی،160وائلڈ لائف ملازمین،آزادکشمیر:آمدن 40لاکھ،200ملازمین،سنسنی خیزرپورٹ

ریسکیو کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کوٹلی کی ٹیم نے پینگولین کا تفصیلی معائنہ کیا اور اس کے محفوظ ہونے کی تصدیق کے بعد اسے دوبارہ قدرتی ماحول میں آزاد کردیا۔

رپورٹ کے مطابق پینگولین دنیا کے نایاب اور غیر قانونی تجارت کا نشانہ بننے والے جنگلی جانوروں میں شمار ہوتا ہے۔

 اس کے جسم پر موجود سخت چھلکوں کی بین الاقوامی مارکیٹ میں غیر قانونی طور پر بھاری قیمت وصول کی جاتی ہے۔ ایک رپورٹ میں پاکستانی پینگولین کی قیمت تقریباً 600 امریکی ڈالر فی کلو بتائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں پہلا وائلڈ لائف اسپتال قائم، جدید سہولیات دستیاب

واضح رہے کہ پینگولین ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور بڑی تعداد میں دیمک اور چیونٹیاں کھاتا ہے۔ غیر قانونی شکار اور تجارت کے باعث اس کی نسل کو دنیا بھر میں خطرات لاحق ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نایاب جنگلی جانوروں کو مارنے کے واقعات بھی رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں چیتا، بندر اور دیگر جانور شامل ہیں، خاص کر کچھ سالوں میں چیتا ور لیپرڈ کو مارے جانے کے کافی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔