دھیرکوٹ : مچھلیاں پکڑتے ہوئےزور دار دھماکہ ، 2 افراد شدید زخمی

باغ(کشمیر ڈیجیٹل) کشمیر ڈیجیٹل نیوز آزاد کشمیر ضلع باغ کی نواحی تحصیل دھیرکوٹ چلہری نالہ ماہل میں بارود پھٹنے کے افسوسناک واقعے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق نالہ ماہل میں دو افراد مچھلیاں پکڑنے کی غرض سے بارود لگا رہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکہ ہوگیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:باغ پولیس کی کامیاب کارروائی ،3ماہ قبل ہونیوالی چوری کا سراغ لگالیا،بھاری رقم برآمد

دھماکے کے نتیجے میں 30 سالہ رضوان ولد یونس عباسی اور 18 سالہ محمد مامون ولد نیئر عباسی شدید زخمی ہوگئے۔حادثے میں محمد مامون کے دونوں ہاتھ مکمل طور پر ضائع ہوگئے

رضوان کی ٹھوڑی اور سینے پر شدید زخم آئے۔ مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال دھیرکوٹ منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں کو تشویشناک حالت کے باعث مظفرآباد ریفر کر دیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ کا طالبعلم احسن اقبال نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل نوعیت اور بارودی مواد کے استعمال سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

علاقہ مکینوں نے افسوسناک واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے خطرناک اور غیر قانونی طریقوں سے مچھلیاں پکڑنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔