جشنِ نیلم: حب الوطنی، قربانیوں اور قومی یکجہتی کا عظیم مظاہرہ

تحریر:-سردار اورنگزیب
وادیٔ نیلم کی اکیسویں سالگرہ محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ یہ اس خطے کے عوام کی قربانیوں، حب الوطنی، قومی شعور اور ترقی کے عزم کا بھرپور اظہار تھی۔ ضلعی انتظامیہ اور آرگنائزنگ کمیٹی کے زیرِ اہتمام ’’جشنِ نیلم‘‘ کی رنگا رنگ اور شاندار تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب نہ صرف وادیٔ نیلم کی ثقافت، روایات اور خوبصورتی کو اجاگر کیا بلکہ معرکۂ حق اور آپریشن “بنیان مرصوص” کے فاتحین افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔

تقریب میں پاک فوج، پولیس، مختلف سرکاری محکموں، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور عوام کی بھرپور شرکت اس امر کی غماز تھی کہ نیلم کے عوام اپنی دھرتی، اپنی شناخت اور اپنے وطن سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں۔ پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے لے کر ملی نغموں، تقاریر، ٹیبلوز اور ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔

ہر منظر قومی جذبے اور ولولے سے سرشار دکھائی دیا۔ طلبہ و طالبات نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی جبکہ مقامی فنکاروں اور لوکل سنگرز نے نیلم کی تہذیب اور قومی جذبے کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فاروق حیدر بڑےمنصب پر فائزمگر چھوٹی سوچ کے مالک ہیں ،اشفاق ظفرایڈووکیٹ

جشنِ نیلم کی اس تقریب میں مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے معلوماتی و نمائشی سٹالز نے عوامی آگاہی میں اہم کردار ادا کیا۔ محکمہ سیاحت، محکمہ زراعت، محکمہ لائیو سٹاک، سول ڈیفنس، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دراوہ میوزیم کے سٹالز خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

خصوصاً ڈی ڈی ایم اے اور سول ڈیفنس کی جانب سے ریسکیو آپریشن کا عملی مظاہرہ حاضرین کیلئے نہایت دلچسپی اور معلومات کا باعث بنا۔ یہ تمام سرگرمیاں اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہیں کہ نیلم صرف قدرتی حسن کا مرکز نہیں بلکہ باشعور، منظم اور باصلاحیت لوگوں کی سرزمین بھی ہے۔

تقریب میں ضلع نیلم کے قیام اور ترقی میں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ایک مثبت روایت تھی۔ سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سکندر حیات خان اور ضلع بانی سابق وزیر حکومت مفتی منصورالرحمن کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ نیلم کی تعمیر و ترقی قربانیوں اور وژن کا نتیجہ ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کیپٹن (ر) ڈاکٹر ملک لیاقت نے اپنے خطاب میں وادیٔ نیلم کو شہداء اور غازیوں کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام نے ہمیشہ وطن عزیز کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یومِ نیلم کو جس قومی جذبے، وقار اور اتحاد کے ساتھ منایا گیا وہ زندہ قوم ہونے کی علامت ہے۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر نے بھی اہلِ نیلم کی بہادری، ذہانت اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ انتظامیہ اس ہارڈ ایریا کے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یونیورسٹی بند اور آن لائن کلاسز کا اعلان، لیکن انٹرنیٹ غائب!

جشنِ نیلم کی سب سے اہم بات یہ تھی کہ اس موقع پر “معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیان مرصوص” کے فاتحین افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی، آزادی اور استحکام کیلئے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ شہداء کے لہو سے روشن ہے اور قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

یہ تقریب اس بات کا ثبوت تھی کہ وادیٔ نیلم کے عوام نہ صرف اپنی ثقافت اور روایات سے محبت کرتے ہیں بلکہ پاکستان کے دفاع، قومی وحدت اور ترقی کیلئے بھی ہمیشہ صفِ اول میں کھڑے رہتے ہیں۔

جشنِ نیلم نے عوام میں اتحاد، بھائی چارے، حب الوطنی اور قومی شعور کو مزید مضبوط کیا اور یہ پیغام دیا کہ نیلم کی سرزمین ہمیشہ پاکستان سے محبت، قربانی اور وفاداری کی علامت رہے گی۔