بنگلادیش کے خلاف سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے اپنی شاندار کارکردگی سے دو اہم سنگِ میل عبور کر لیے ۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے میزبان ٹیم کے کپتان نجم الحسن شنتو کو آؤٹ کرکے بیرونِ ملک ٹیسٹ میچز میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں اور یوں وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بن گئے ۔
اس فہرست میں ماضی کے عظیم بولرز عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس، عمر گل اور محمد عامر شامل ہیں تاہم محمد عباس نے ایک منفرد اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ بیرونِ ملک 100 سے زائد ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولرز میں ان کی بولنگ اوسط 23.02 رہی، جو اس فہرست میں سب سے بہترین اوسط ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کیخلاف دوسرا ٹیسٹ میچ،شاہین آفریدی، نعمان علی، امام الحق ڈراپ
36 سالہ محمد عباس نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 51 اننگز کے دوران مجموعی طور پر 109 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ حیران کن طور پر ان کی زیادہ تر کامیابیاں غیر ملکی کنڈیشنز میں آئیں جبکہ پاکستان میں انہوں نے صرف 9 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں ۔
ان کی سوئنگ بولنگ اور غیر معمولی لائن و لینتھ نے انہیں بیرونِ ملک کنڈیشنز میں پاکستان کا ایک قابلِ اعتماد بولر ثابت کیا ۔ محمد عباس نے اسی میچ کے دوران اپنے پروفیشنل کرکٹ کیریئر میں بھی ایک بڑا سنگِ میل عبور کیا اور مجموعی طور پر 1000 وکٹیں مکمل کرلیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت گھٹنےٹیکنے پر مجبور!محسن نقوی کو آئی پی ایل فائنل دیکھنے کی باقاعدہ دعوت دیدی
ان کے کیریئر کا جائزہ لیا جائے تو انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 884، لسٹ اے کرکٹ میں 84 اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 32 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ کرکٹ حلقوں کی جانب سے محمد عباس کی اس کامیابی کو ان کی محنت، مستقل مزاجی اور غیر معمولی بولنگ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے ۔



