مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل )ڈائریکٹر اطلاعات طارق جمیل درانی کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مظفرآباد کے مرکزی دفتر کا دورہ ۔ڈائریکٹر جنرل بسپ آزادکشمیر ریجن ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی سے اہم ملاقات ۔
ملاقات کے دوران بینظیر کفالت پروگرام، این ایس ای آر سروے، والٹ اکاؤنٹس کی تکمیل اور مستحق خواتین کو مالی معاونت کی بروقت فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عام آدمی تک درست معلومات کی آسان رسائی، بسپ بینفشریز تک عوامی آگائی کے محکمانہ پیغامات کی مؤثر ترسیل اور آزادکشمیر میں محکمہ اطلاعات کے تعاون سے عوامی آگاہی کے نظام کو مزید فعال بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں حکام نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مستند اور بروقت معلومات ہی بسپ بینفشریز کو فیک نیوز، گمراہ کن افواہوں اور مالی استحصال کرنے والے عناصر سے محفوظ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی میں آٹے کا بحران ، محکمہ خوراک کا موقف بھی سامنے آگیا
ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی کا کہنا تھا کہ ہیڈکوارٹر اسلام آباد کی جانب سے ہدایات کے مطابق تمام اضلاع میں جاری بینظیر این ایس ای آر سروےکو عارضی طور پر تین ہفتوں کیلئے معطل کیا گیا ہے تاکہ متعلقہ سٹاف اپنی تمام تر توجہ بینظیر والٹ اکاؤنٹس کی بروقت تکمیل پر مرکوز کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد مستحق خواتین کو آئندہ سہ ماہی قسط میں بینظیر کفالت رقوم کی ادائیگی ایک جدید، محفوظ اور شفاف نظام کے تحت یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آزادکشمیر بھر میں رجسٹرڈپونے دو لاکھ بینفشریز میں سے اب تک ایک لاکھ پچیس ہزارخواتین بینفشریز بینظیر والٹ سمز وصول کر چکی ہیں ۔
باقی ماندہ پچاس ہزار خواتین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد متعلقہ مراکز سے اپنی والٹ سمز حاصل کریں تاکہ آنے والی قسط کی ادائیگی بغیر کسی رکاوٹ کے ممکن بنائی جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل بسپ نے واضح کیا کہ سروے کی عارضی معطلی صرف انتظامی اور عوامی سہولت کے پیش نظر کی گئی ہے، جبکہ مستحق خواتین کی مالی معاونت کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
انہوں نے عوام الناس، بالخصوص خواتین سے اپیل کی کہ سروے کے دوبارہ آغاز تک غیر ضروری طور پر بسپ دفاتر کا رخ نہ کریں تاکہ وہ طویل سفری مشقت، اضافی اخراجات اور غیر ضروری انتظار کی زحمت سے محفوظ رہ سکیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن طارق جمیل درانی نے کہا کہ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام تک بروقت، درست اور مستند معلومات پہنچائیں تاکہ افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے خواتین کی مالی شمولیت اور ڈیجیٹل نظام کی بہتری کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف شفافیت کو فروغ دیں گے بلکہ مستحق خاندانوں کے اعتماد کو بھی مزید مضبوط بنائیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں کے سربراہان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مستحق خواتین کو سہولیات کی فراہمی، شفاف نظامِ ادائیگی اور عوامی آگاہی کے عمل کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے گا تاکہ ریاست کے دور افتادہ علاقوں تک بھی حکومتی سہولیات باوقار انداز میں پہنچ سکیں۔



