مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) حکومت آزاد جموں و کشمیر نے حلقہ نمبر 4 کے علاقے دچھور میراں میں گورنمنٹ ماڈل ڈگری کالج کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے مختلف تدریسی و غیر تدریسی آسامیوں کی تخلیق بھی کر دی ہے۔
اس اہم تعلیمی منصوبے کے تحت پرنسپل گریڈ 19 کی ایک، اسسٹنٹ پروفیسر گریڈ 18 کی دو، لیکچررز گریڈ 17 کی 6، لیکچرر کمپیوٹر سائنس، ڈی پی ای گریڈ 16، ہیڈ کلرک گریڈ 16، جونیئر کلرک گریڈ 11 سمیت ڈرائیور، چوکیدار، نائب قاصد، کلینر اور سویپر کی ایک ایک آسامی منظور کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:غازی الٰہی بخش پوسٹ گریجویٹ کالج کی طالبات سڑکوں پر، شدید احتجاج
علاقہ بھر میں اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس ادارے کے قیام سے نہ صرف حلقہ نمبر 4 بلکہ گردونواح کے دور افتادہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت اپنے علاقے میں میسر آئے گی بلکہ غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں پر مالی بوجھ بھی کم ہوگا۔
ماضی میں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کیلئے مظفرآباد یا دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا جس سے والدین کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق کالج کے قیام سے علاقے میں شرح خواندگی میں اضافہ، بچیوں کی تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کیلئے بہتر تعلیمی ماحول اور جدید مضامین خصوصاً کمپیوٹر سائنس کی تعلیم کو تقویت ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کا اعزاز،رائل ملٹری کالج آسٹریلیا میں ارسام عباس ’’اوورآل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ‘ ‘قرار
ساتھ ہی مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے کیونکہ تدریسی اور غیر تدریسی آسامیوں سے اہل نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔
عوامی حلقوں نے حکومت کے اس اقدام کو علاقے کی دیرینہ تعلیمی ضرورت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد کالج کی عمارت، بنیادی سہولیات اور تدریسی عملہ مکمل کر کے باقاعدہ کلاسز کا آغاز بھی کر دیا جائے گا تاکہ علاقے کے نوجوان جدید تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔




