آسٹریلیا کے ’رائل ملٹری کالج ڈنٹرون‘ نے پاکستانی آرمی کے کیڈٹ سردار ارسام عباس (پی ایم اے 152 لانگ کورس) کو 5مئی کو کینبرا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقعے پر’ ’اوورآل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ‘ قرار دے دیا ہے۔
پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ’یہ اعزاز اس غیرملکی کیڈٹ کو دیا جاتا ہے جو تربیت کے تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان آرمی کے کیڈٹ عمیر نزیر کی بین الاقوامی مقابلے میں شاندار فتح
یہ کامیابی پاک فوج کی جونیئر قیادت کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور اعلیٰ معیار کی عکاسی کرتی ہے۔کمیشننگ پریڈ کا جائزہ آسٹریلوی چیف آف آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹیورٹ، اے او ڈی ایس سی نے لیا۔
تقریب میں سفارتی عملے کے ارکان، بشمول کینبرا میں پاکستانی ہائی کمشنر، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہل خانہ اور آسٹریلوی دفاعی فورس کے حکام نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان طویل عرصے سے مضبوط عسکری تعلقات قائم ہیں۔ 2013 سے اب تک پاک فوج کے سات افسران رائل ملٹری کالج میں بطور پلاٹون کمانڈر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 2009 سے اب تک 46 پاکستانی کیڈٹس اس ادارے سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔
یہ 14واں موقع ہے جب کسی پاکستانی آرمی کیڈٹ کو ’اوورآل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ‘ قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کا کیڈٹ کالج پلندری کادورہ،طلبہ واساتذہ سے خصوصی نشست
ان میں لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد سہریا شہید، تمغۂ بسالت بھی شامل ہیں، جنہوں نے چار ستمبر 2020 کو شمالی وزیرستان میں جامِ شہادت نوش کیا۔
لیفٹیننٹ ناصر شہید کا نام رائل ملٹری کالج کے پریڈ گراؤنڈ میں نصب یادگاری تختی پر بھی درج ہےجو بہادر پاکستانی فوجی افسران کی جرات، قربانی اور وقار کی لازوال روایت کی علامت ہے۔




