ہم جا نہیں رہے آرہے ہیں ،اگلے 2سال میں ہر شخص کو خوشحال بنا دینگے، فیصل راٹھور

باغ :وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ7ماہ کسی بھی حکومت کا ہنی مون پیریڈہوتے ہیں، ہم جا نہیں رہے ہم آرہے ہیں، اللہ نے موقع دیا تو اگلے دو سال میں ریاست کےہر شخص کو خوشحال بنا دیں گے

باغ کے علاقہ ریڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ، پاکستان اور کشمیریوں کا رشتہ کلمہ کی بنیاد پر قائم ہے مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کی نوید بنے گا ۔

یہ بھی پڑھیں:لیپا ٹنل منصوبہ کھٹائی کا شکار، وزیراعظم شہبازشریف نے رپورٹ طلب کرلی

باغ میں آج معرکہ حق کی یاد میں پاکستان زندہ بعد ریلی خوش آئند امر ہے ، عوام کا یہاں موجود ہونا ان کی پاکستان اور مسلح افواج پاکستان سے بے پناہ محبت کا ثبوت ہے گزشتہ سال مئی میں ہونے والا معرکہ حق دراصل باطل اور حق میں تفریق کا اعلان تھا ۔

گزشتہ سال مئی میں بھارت نے سازش کی ، جھوٹ پر مبنی بیانیہ بنا کر پاکستان پر حملہ کیا ، اس نازک دور میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر تاریخ رقم کی، پاکستان کی مسلح افواج کے جوانوں کو دفاع وطن پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، شہدا معرکہ حق کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، شہدا کے خاندانوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا توعوام کا اعتماد نظام سے ختم ہو چکا تھا ، ہم نے عوام کا اعتماد نظام پر بحال کیا ، سات ماہ کسی بھی حکومت کا ہنی مون پریڈ ہوتے ہیں اگر موقع ملاتو ریاست کے وسائل استعمال کر کے 2سال میں ریاست کو اس سطح تک لے جاسکتے ہیں کہ ہر عام آدمی خوشحال ہوگا ۔

ہم نے ایڈہاک ملازمین ، ملازمین کے سلیکشن بورڈ ز ، ترقیاتی کاموں کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے اقدامات ااٹھائے ، ہم نے باغ میں تین پل ، ہائی سکولز میڈل سکولز اور سڑکات دیں ، ہماری نیت صاف تھی ، آج چھتیس سال کے بعد والد مرحوم کے اعلان کئے گئے پل کا سنگ بنیاد رکھا ہےباغ کیلئے سیڑھی بریج اور سوانج بریج کو آئندہ اے ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی کو چھوڑنے والے رسوا ہوجاتے، انکا سیاست سے نام ونشان بھی مٹ جاتا، فیصل راٹھور کا دعویٰ

وزیراعظم نے کہا کہ سماہنی کے دورہ کے موقع پر20من پتیاں ہم پر کل شام نچھاور کی گئیں ، چھے ماہ کی حکومت نے تاؤ بٹ سے لے کر بھمبر تک خدمت کا مشن شروع کیا ہم نے بوجھ اٹھایا اور عوام کا اعتماد بحال کیا ، شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سوسالہ زندگی سے بہتر ہے۔

ہم نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی ،وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم جا نہیں رہے ہم آرہے ہیں ، ہمارا مقابلہ غربت اور افلاس سے ہے ، ہم عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top