پیپلزپارٹی کو چھوڑنے والے رسوا ہوجاتے، انکا سیاست سے نام ونشان بھی مٹ جاتا، فیصل راٹھور کا دعویٰ

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے دورہ سماہنی کے دوران حلقہ سماہنی کی معروف سیاسی و سماجی اور مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما میجر ریٹائرڈ خضرالرحمان اور راجہ محمدایوب نے اپنے سیکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیارکر لی اور وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

میجر ریٹائرڈ خضرالرحمان نے یہ اعلان وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے دورہ سماہنی کے دوران تندڑ کے مقام پر بہت بڑے استقبالی جلسہ میں کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل راٹھور نے ہیلتھ ملازمین کو بڑی خوشخبری سنادی

جلسہ کی صدارت پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے کی۔جلسہ سے وزیر حکومت چوہدری علی شان سونی،سابق امیدوار اسمبلی میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان،راجہ محمد ایوب نے خطاب کیا

جلسہ میں وزیر اطلاعات و مذہبی امور اوقاف رفیق نیئر،وزیر برائے کشمیر کاز،آرٹس ماحولیات محترمہ نبیلہ ایوب،مشیر حکومت راجہ خوشنود اعظم،سابق مشیر راجہ نیاز احمد،پروفیسر دانش معروف اور اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

قبل ازیں وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور جب میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان کے گھر تندڑ پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ان پر گل پاشی کی گئی۔

میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان نے جلسہ میں اپنی 26سالہ سیاسی سفر کو مسلم لیگ(ن)سے چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تو پارٹی کارکنان نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور مبارکباد دی۔

وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہید وں کی جماعت ہے جس میں کوئی قبیلہ نہیں ہے پیپلزپارٹی میں ورکرز کوآگے جانے کا موقع ملتا ہے ہم پر الزام ہے کہ ہم عام کارکن کوسیاست میں شناخت دیتے ہیں جو لوگ نظریے اورعقیدے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں انکو سیاست میں موقع ملناچاہیے۔

پیپلزپارٹی نے عام ورکرکو صدر وزیراعظم سمیت بڑے عہدوں سے نوازاہے ہم نے اقتدار مشکل حالات میں سنبھالا،یہ حکومت نہیں بلکہ ایک ذمہ داری تھی جس پر ہم نے لوگوں کااعتماد بحال کیا،سڑکوں پر حل ہونے والے مسائل ایوان میں حل ہونا شروع ہوئے ریاست میں سیاست کو زندہ کیا۔آزادکشمیر کا سب سے بڑا تعلیمی پیکیج دیا اور سڑکوں کا جال بچھا کر آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں:یومِ فتح معرکہ حق: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا مسلح افواج اور شہداء کو زبردست خراجِ تحسین

انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید رانی محترمہ بے نظیربھٹو کی خدمات کوسلام پیش کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی صرف چند ماہ کی حکومت نے عوام کا اعتماد بحال کیاہے۔پیپلزپارٹی کی حکومت جماعتی سیاست کے ذریعہ عوام کی خدمت کررہی ہے۔

ریاست کے اندر عوام کی ووٹ کی طاقت سے ا ٓئندہ بھی پیپلز پارٹی کی حکومت نئے سرے سے آئے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ دیگر جماعتوں نے ابھی الیکشن مہم کا آغاز ہی نہیں کیا اور پیپلزپارٹی الیکشن مہم کے اختتام تک جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں نجومی نہیں لیکن ریاست کے حالات بتا رہے ہیں کہ آئندہ پیپلزپارٹی دوبارہ بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہاکہ جو لوگ پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر جاتے ہیں وہ رسوا ہوجاتے ہیں اور انکا سیاست سے نام و نشان مٹ جاتاہے انہوں نے کہاکہ الیکشن شیڈول سے پہلے حلقہ سماہنی کے جتنے مسائل ہیں انکے حل کے لئے بجٹ میں رقم رکھیں گے اور سماہنی حلقہ کی محرومیاں دور کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم نوازشریف کا آزادکشمیر الیکشن میں خود اترنے کا فیصلہ

جلسہ سے پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمدیاسین نے ن لیگ کے راہنما میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا اعتماد پاکستان پیپلزپارٹی پر مسلسل بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔

چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور آئندہ حکومت بھی پیپلزپارٹی کی ہوگی کیونکہ عوام اب خدمت، دیانت اور عملی سیاست کو ترجیح دے رہے ہیں۔

Scroll to Top