اسلام آباد میں “معرکۂ حق” کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں ملکی سیاسی و عسکری قیادت کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور قومی اتحاد کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا گیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ معرکۂ حق ملکی تاریخ کا ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا ہے، جس نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط، باوقار اور مؤثر ریاست کے طور پر پیش کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان نہ صرف اپنی خودمختاری کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کی طاقت بھی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے پاکستان کے عزم کو کمزور سمجھنے کی غلطی کی ، تاہم اسے ایسا منظم اور بھرپور ردعمل ملا جس نے اس کے تمام مفروضوں کو غلط ثابت کر دیا ۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاک فضائیہ کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ اس معرکے میں پاکستانی فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ تربیت کا مظاہرہ کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ،ہم متحد رہے تو کوئی بحران رکاوٹ نہیں بن سکتا، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری
ان کا کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے مقابلے میں چھ صفر کی برتری کا تاثر عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے ۔
ان کے مطابق اس دوران دشمن کے جدید رافیل طیارے بھی مؤثر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے جبکہ اس کا فضائی دفاعی نظام اپنے ہی اثاثوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے میں مشکلات کا شکار رہا ۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مؤثر قیادت اور ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کی پیشہ ورانہ مہارت نے اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث دشمن کے تمام عزائم ناکام ہوئے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اس کامیابی کی ایک بڑی وجہ رہی ۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ معرکۂ حق کے دوران بھارت کو عالمی سطح پر مختلف طاقتوں کے ذریعے جنگ بندی کی درخواستیں کرنا پڑیں، جو اس کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ،میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا،طارق فضل چوہدری
انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر پوری پاکستانی قوم نے غیر معمولی اتحاد، حوصلے اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار، مضبوط اور متحد ریاست ہے جو ہر چیلنج کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔




