آزاد کشمیر میں 10 مئی کو “یومِ تشکر” منانے کا فیصلہ، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل

حکومت آزاد کشمیر نے “آپریشن بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے کے تاریخی موقع پر 10 مئی کو ریاست بھر میں “یومِ تشکر” منانے کا باضابطہ فیصلہ کیا ہے۔

مظفرآباد سے کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندے شبیر اعوان کے مطابق، یومِ تشکر کے حوالے سے وسیع پیمانے پر سرکاری تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ دن کا آغاز مساجد میں شکرانے کے نوافل کی ادائیگی سے ہوگا، جہاں آپریشن کی کامیابی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیہ تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایس پی آر ایکس اکاونٹ پروفائل تصویر دھائی بعد تبدیل، معرکہ حق،بنیان مرصوص نمایاں

پروگرام کے مطابق یادگارِ شہداء چھتر دومیل پر پروقار تقریب ہوگی، جہاں شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے چادر پوشی کی جائے گی اور پرچم کشائی کی جائے گی۔ ان تقریبات کا مقصد آپریشن بنیان مرصوص کے دوران سیکورٹی فورسز کی بہادری اور کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔

یومِ تشکر کی مناسبت سے نڑول اسٹیڈیم مظفرآباد میں ایک خصوصی نمائش کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ اس نمائش میں AK-1 اور AK-5 بریگیڈ کی جانب سے جنگی ساز و سامان عوام کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس نمائش کا مقصد شہریوں کو دفاعی صلاحیتوں اور آپریشن میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: ہم پہلے بھی بنیان مرصوص کی مانند کھڑے تھے،کھڑے رہیں گے،آئی جی لیاقت علی ملک

حکام کا کہنا ہے کہ مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں یومِ تشکر کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور عوام میں اس دن کے حوالے سے بھرپور جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ یہ دن افواجِ پاکستان اور کشمیری عوام کے اتحاد اور دفاعی کامیابیوں کی علامت کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top