ہونڈا 125 کی قیمتیں اور نئی وارنٹی پالیسی جاری

پاکستان کی معروف آٹو موبائل کمپنی اٹلس ہونڈا نے مئی 2026 کے لیے اپنی مقبول ترین موٹر سائیکل ہونڈا 125 کی نئی قیمتوں اور وارنٹی کے حوالے سے اہم تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

ہونڈا کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق، مئی 2026 کے لیے ہونڈا 125 کی قیمت 238,500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہ نیا ماڈل صارفین کے لیے مختلف دیدہ زیب رنگوں میں دستیاب ہوگا، جن میں روایتی سرخ کے ساتھ ساتھ کالا اور نیلا رنگ بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ خریدار اپنی پسند کے مطابق انتخاب کر سکیں۔

انجن اور تکنیکی خصوصیات:

تکنیکی لحاظ سے ہونڈا 125 میں 4 اسٹرک او ایچ وی ایئر کولڈ انجن نصب کیا گیا ہے، جو اپنی پائیداری کے لیے مشہور ہے۔ اس میں 4 اسپیڈ کانسٹنٹ میش ٹرانسمیشن سسٹم دیا گیا ہے۔ موٹر سائیکل میں پیٹرول کی گنجائش 9.2 لیٹر ہے، جس میں 2 لیٹر کا ریزرو بھی رکھا گیا ہے۔ کک اسٹارٹ سسٹم کی حامل اس بائیک کا کل وزن 100 کلوگرام ہے، جبکہ اس کی نشست کی اونچائی 764 ملی میٹر اور گراؤنڈ کلیئرنس 132 ملی میٹر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاندار پیشکش، اب ہونڈا CD 70 حاصل کریں صرف 5,700 روپے کی ماہانہ قسط پر

سسپنشن اور ٹائر کی تفصیلات:

آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے اس کے فرنٹ پر 103 ملی میٹر ٹریول کے ساتھ ٹیلی اسکوپک فورک سسپنشن دی گئی ہے، جبکہ پچھلے حصے میں 68 ملی میٹر ٹریول فراہم کرنے والا سوئنگ آرم سسپنشن موجود ہے۔ ٹائرز کی بات کی جائے تو فرنٹ ٹائر کا سائز 2.50-18 (4 PR) اور بیک ٹائر کا سائز 3.00-17 (6 PR) رکھا گیا ہے جو سڑک پر بہتر گرفت فراہم کرتے ہیں۔

اٹلس ہونڈا کی نئی وارنٹی پالیسی:

کمپنی نے قیمت کے ساتھ ساتھ وارنٹی کی شرائط بھی واضح کر دی ہیں۔ فریم، باڈی اور الیکٹریکل سسٹم کے لیے نارمل وارنٹی 6 ماہ یا 6000 کلومیٹر تک ہوگی۔ تاہم، انجن کے لیے کمپنی نے خصوصی رعایت دیتے ہوئے 3 سال یا 20,000 کلومیٹر تک کی وارنٹی فراہم کی ہے۔ ان میں سے جو بھی شرط پہلے پوری ہوگی، وارنٹی اسی کے مطابق تصور کی جائے گی۔

وارنٹی کلیم کے لیے لازمی شرائط:

وارنٹی کے حصول کے لیے کمپنی نے چند سخت قواعد وضع کیے ہیں۔ کلیم صرف موٹر سائیکل کے پہلے مالک کو دیا جائے گا اور اس کے لیے اصل وارنٹی سرٹیفکیٹ اور اونرز مینوئل سروس گائیڈ کا ہونا لازمی ہے۔ اگر موٹر سائیکل میں غیر معیاری پرزہ جات استعمال کیے گئے یا اس کے اصل ڈیزائن میں کوئی تبدیلی کی گئی تو وارنٹی کلیم مسترد کر دیا جائے گا۔ مزید برآں، مرمت شدہ اسپیڈو میٹر کی صورت میں بھی کمپنی ذمہ دار نہیں ہوگی۔

مفت سروسز کا شیڈول:

کمپنی نے صارفین کو تاکید کی ہے کہ وہ بروقت فری سروسز کروائیں۔ پہلی فری سروس ایک ماہ یا 1000 کلومیٹر، دوسری تین ماہ یا 3000 کلومیٹر اور تیسری سروس پانچ ماہ یا 5000 کلومیٹر کے اندر کروانا لازمی ہے۔ ان سروسز کا اندراج متعلقہ ڈیلر سے کروانا ضروری ہے تاکہ وارنٹی برقرار رہے۔ تمام تکنیکی معاملات اور وارنٹی کلیم کا حتمی فیصلہ اٹلس ہونڈا کے پاس محفوظ ہے جسے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔

مزید پڑھیں: ہونڈا بائیکس 2026: اب بلا سود قسطوں پراپنی پسندیدہ بائیک حاصل کریں