اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جمعیت علماء جموں وکشمیر اور آل جموں و کشمیر مرکزی جمعیت اہل حدیث کیساتھ اتحادکے حوالے سے نشست کے بعد پیپلزپارٹی کی قیادت بھی متحرک ہو گئی ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما چوہدری محمد ریاض کی صدر جمعیت علمائے اسلام (ف) آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف کے درمیان اسلام آباد میں بیٹھک ہوئی ہے اور ممکنہ انتخابی اتحاد کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی واٹس ایپ پیغام تنازعہ،سردار آفاق عادل معطل،تنویر الیاس کا معافی دینے سے انکار
پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی قیادت کی کوشش ہے کہ پلندری سے جمعیت علماء اسلام (ف) آزادکشمیر کے امیدوار مولانا سعید یوسف کی حمایت کی جائے اور اس کے بعد ریاست بھر میں جمعیت علماء اسلام (ف) آزادکشمیر سےحمایت لی جائے۔
پلندری سے پیپلزپارٹی کے پاس بزرگ سیاستدان سردار محمد حسین امیدوار ہیں جو حال ہی بیرسٹر گروپ کیساتھ پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے ہیں لیکن وہ معمر ہونے کی وجہ سے سیاسی طور پر متحرک نہیں ہیں جبکہ حلقہ میں مسلم لیگ(ن)کے نجیب نقی مضبوظ پوزیشن پر ہیں۔
پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) دونوں کی قیادت کی کوشش ہے کہ کسی بھی طرح زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کی جائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنی پارٹیوں میں شامل کیا جائے۔
امید ہے جے یو آئی (ف) آزادکشمیر کا پاکستان پیپلز پارٹی سے انتخابی اتحاد ہو جائے گا جس کے نتیجے میں امیر جے یو آئی سعید یوسف صاحب کو پلندری سے ڈاکٹر نجیب نقی کے مقابلہ میں پی پی کی حمایت مل جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن آزادکشمیر اور جمعیت اہل حدیث کے مابین انتخابی حکمت عملی طے پا گئی
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) اور آل جموں وکشمیر جمعیت علماء اسلام نے انتخابی اتحاد کیلئے 10نکاتی فارمولے پر اتفاق کیا تھا ، 10نکات کو ابھی تک اوپن نہیں کیا گیا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ جمعیت علماء جموں وکشمیر نے ن لیگ سے اتحاد کی صورت میں پھر سے پیر مظہر سعید کیلئے علماء ومشائخ کی نشست مانگی ہے۔




