پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن الیون کا فائنل آج لاہور میں کھیلا جائے گا ، پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کی ٹیمیں ٹاکرے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ۔
فائنل سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا جائے جس میں ملک کے معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس سے شائقین کرکٹ کو محظوظ کریں گے ۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی 5ویں بار’’ پی ایس ایل ‘‘فائنل کھیل رہی ہے ۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی اتوار 3 مئی 2026ء کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں حیدرآباد کنگز مین کیخلاف فائنل کھیلنے میدان میں اترے گی تو یہ ان کا 5واں فائنل ہوگا ۔
پشاور زلمی چار سال بعد فائنل میں پہنچی ہے، 2017ء میں پشاور زلمی نے سابق قومی کپتان شاہد خان آفریدی کی قیادت میں فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11: فاتح ٹیم کو10 اور رنر اپ کو 5لاکھ ڈالر انعامی رقم ملے گی
دبئی میں کھیلے گئے ایلیمنٹر میں ہاتھ زخمی ہونے کے باعث شاہد آفریدی فائنل نہ کھیل سکے تھے اور 5 مارچ 2017ء کو قذافی اسٹیڈیم میں ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے ہرا کر چیمپئین بنی تھی ۔
2018ء میں پشاور زلمی دوسری بار فائنل میں رسائی حاصل کی لیکن نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 25 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹیڈ نے 3 وکٹ سے فتح سمیٹی تھی ۔
17 مارچ 2019ء کو پشاور زلمی نے تیسرا فائنل کھیلا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اس اہم میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 8 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگز مین کے محمد علی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد
پشاور زلمی نے چوتھی اور آخری بار پی ایس ایل فائنل شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظبی میں کھیلا ، جہاں ملتان سلطانز نے اسے 24 جون 2021ء کو 47 رنز سے شکست سے دوچار کیا تھا ۔



