خراجِ عقیدت

بھمبر میں آپریشن بنیان المرصوص کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش ، شمعیں روشن

بھمبر(کشمیرڈیجیٹل)آپریشن بنیان المرصوص میں شاندار کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر ضلع بھمبر میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔

اس سلسلے میں میرپور چوک میں ایک پروقار اور جذباتی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب کے دوران شرکاء نے شمعیں روشن کیں اور شہداء کی یاد میں خاموشی اختیار کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔

میرپور چوک کو اس موقع پر خصوصی طور پر سجایا گیا تھا، جہاں شہداء کی تصاویر آویزاں کی گئیں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی ،آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائے گا

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل بھارتی جارحیت اور مبینہ دہشتگردی کیخلاف ہونیوالے معرکہ حق میں پاکستان نے دشمن کو فیصلہ کن شکست دے کر اپنی عسکری صلاحیت، قومی اتحاد اور عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی شہداء کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔

مقررین نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی اور انہی کی بدولت ملک میں امن و استحکام قائم ہے ۔

اس موقع پر شرکاء نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے فضا گونج اٹھی ۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، استحکام اور شہداء کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن بنیان المرصوص،پاکستان کے ڈرون بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وطن کے دفاع اور اتحاد کیلئے ہمیشہ یکجا رہیں گے اور شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ۔

Scroll to Top