آزادکشمیر کے ضلع بھمبر کے علاقے کوٹ جیمل میں حبیب بینک لمیٹڈ کے سامنے شہری کلیم رضا نے اپنے اکاؤنٹ کی بندش کے خلاف انوکھا احتجاج ریکارڈ کروایا اور گھر سے چارپائی لاکر بینک کےسامنے بیٹھ گیا۔
کلیم رضا کا کہنا تھا کہ ان کا مذکورہ برانچ میں اکاؤنٹ موجود تھا جس میں رقم بھی موجود تھی، تاہم بینک عملے نے بغیر کسی معقول جواز کے ان کا اکاؤنٹ بند کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کی وائٹ ہائوس کے سامنے بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مہم
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے انہوں نے برانچ منیجر کوٹ جیمل، بھمبر اور زونل ہیڈ میرپور آزاد کشمیر کو متعدد بار شکایات درج کروائیں، مگر انہیں کوئی شنوائی نہ مل سکی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ برنالہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول کیا۔
اس دوران بینک انتظامیہ نے مسئلے کے حل کے لیے تین دن کی مہلت طلب کی، جس پر کلیم رضا نے احتجاج کو وقتی طور پر موخر کر دیا۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر شہری کو انصاف فراہم کریں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کی وائٹ ہائوس کے سامنے بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مہم
واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور سوشل میڈیا صارفین شہری کو پرامن انوکھا احتجاج کرنے پر داد دے رہے ہیں۔
کچھ روز قبل انڈیا کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جب ببنک والوں کی طرف سے تنگ کرنے پر ایک شخص اپنی مردہ بہن کا ڈھانچہ قبر سے نکال کر بینک لے آیا تھا۔




