اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں 3 مئی 2026تک شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے باقاعدہ الرٹ جاری کر دیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران خاص طور پر جنوبی پنجاب، سندھ کے بیشتر حصوں اور بلوچستان کے جنوبی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں درجہ حرارت معمول سے کافی زیادہ رہنے کا امکان ہے ۔ اس صورت حال کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں موسم قدرے مختلف رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ مری، گلیات، چترال، دیر، سوات اور کالام سمیت بعض علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، جس سے وہاں موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کی توقع ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پری مون سون سسٹم فعال، محکمہ موسمیات کی بارشوں سے متعلق اہم پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت انتہائی بلند سطح تک پہنچ گیا ۔ نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد اور کچھی میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ۔
تربت اور نواب شاہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک جا پہنچا۔ شدید گرمی کے باعث جیکب آباد میں متعدد افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس نے صورتحال کی سنگینی کو واضح کر دیا ہے ۔
لاہور میں درجہ حرارت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی اور پارہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم شہر میں موسم خشک رہا اور بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔ فضائی آلودگی کی سطح بھی معتدل رہی، ایئر کوالٹی انڈیکس 128 ریکارڈ کیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:النینو فعال ہونے کے قوی امکانات، محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا
محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب میں ہیٹ برسٹ سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی ۔ اسی طرح رات کے وقت درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری تک جانے کی اطلاعات کو بھی غلط اور من گھڑت قرار دیا گیا ہے ۔




