مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیر منصوبہ بندی و ترقیات/پی ڈی او چوہدری محمد رشید نے گڑھی دوپٹہ کے نواحی گاؤں موئیاں کھکھیاں میں شہید حوالدار عمران عباسی کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔
اس موقع پر وہ عسکری حکام کے ہمراہ شہید کی قبر پر گئے، پھول رکھے اور تدفین کے بعد خصوصی دعا میں شرکت کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔
اپنے تعزیتی اور تاثراتی بیان میں چوہدری محمد رشید نے کہا کہ شہید عمران عباسی نے وطن عزیز کی سرحدوں کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان ہر لمحہ اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر ملک کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں اور یہی قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاک فوج کا رشتہ محض جغرافیہ تک محدود نہیں بلکہ یہ خون، قربانی اور مشترکہ جدوجہد کا لازوال رشتہ ہے ۔ کشمیری عوام ہمیشہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور شہداء کی قربانیاں اس تعلق کو مزید مضبوط بناتی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہید عمران عباسی کی آخری رسومات ، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کو نہ صرف یاد رکھتے ہیں بلکہ ان کی قربانیوں کو اپنی قومی شناخت کا حصہ سمجھتے ہیں۔چوہدری محمد رشید نے کہا کہ شہداء کا مقام اللہ تعالیٰ کے نزدیک بہت بلند ہے اور یہ وہ عظیم لوگ ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت قومیں زندہ رہتی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کا دفاع کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ آج کا پرامن پاکستان انہی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے ۔
انہوں نے نماز جنازہ میں شرکت کرنے والی عسکری قیادت، عوام الناس و دیگر شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس وقار اوراعزاز کیساتھ شہید کو سپرد خاک کیا گیا، وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قوم اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔
آخر میں انہوں نے کہا:“شہید عمران عباسی کی قربانی ایک ایسا روشن چراغ ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنے گی۔ یہ وہ پیغام ہے کہ وطن کی حرمت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور جب بھی ضرورت پڑی، اس دھرتی کے بیٹے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شوکت نواز میر نے میری کوئی مدد نہیں کی، شہیدسدھیر اعوان کے والد کے سنسنی خیز انکشافات
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید عمران عباسی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔ آمین ۔




