مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سابق صدر آزادکشمیر راجہ ذوالقرنین ایک باوقار، معزز اور نمایاں خاندانی پس منظر کے حامل رہنما ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ان کی شمولیت آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور یہ فیصلہ آئندہ انتخابات میں جماعت کی شاندار کامیابی کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں، کیونکہ اس کے مثبت اثرات آزادکشمیر کی انتخابی سیاست پر مرتب ہوں گے اور مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط ہوگی ۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں اور وفاقی وزراء رانا ثناءاللہ، امیر مقام، عابد رضا اور طارق فضل چوہدری سمیت دیگر قائدین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے راجہ ذوالقرنین کی رہائش گاہ پر جا کر انہیں جماعت میں شمولیت کی دعوت دی ۔
راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ راجہ ذوالقرنین نے ان کی عدم موجودگی میں ان کے بارے میں جن خیالات کا اظہار کیا، وہ اس پر بھی ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ریاست کو وقتی نہیں، جامع پالیسی کی ضرورت ہے : سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر
انہوں نے کہا کہ ان کی راجہ ذوالقرنین سے متعدد ملاقاتیں رہی ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے انہوں نے ن لیگ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کیا ۔
انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ یہ شمولیت آزادکشمیر خصوصاً میرپور سمیت پورے خطے کی سیاسی فضا پر مثبت اثر ڈالے گی ۔
دریں اثنا، راجہ محمد فاروق حیدر خان نے راجہ اظہار خان مرحوم کے فرزند اور راجہ بشارت کے بھائی کے انتقال پر ان کی رہائشگاہ جا کر اظہارِ تعزیت کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیزفائر لائن منقسم خاندانوں کے دلوں پر ایک گہرا زخم ہے۔ ان کے مطابق لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری ایک ہی ریاست کے باسی ہیں مگر یہ تقسیم انسانی رشتوں اور زندگیوں کو شدید متاثر کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آر پار بس سروس اور تجارت سے منقسم خاندانوں کو امید پیدا ہوئی تھی، تاہم مختلف وجوہات کے باعث یہ سلسلہ متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام دہائیوں سے اپنے پیاروں کی جدائی کا درد برداشت کر رہے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی پاکستان کی بڑی سفارتی جیت ہے، راجہ فاروق حیدر خان
راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایک دن یہ خونی لکیر ختم ہوگی اور کشمیری ایک ساتھ، ایک وطن کے تحت اپنی زندگیاں گزار سکیں گے۔اس موقع پر راجہ بشارت اور دیگر اہلِ خانہ نے راجہ محمد فاروق حیدر خان کا شکریہ ادا کیا۔




