پہلگام فالس فلیگ ثابت ہوچکا، پانی روکا تو خوفناک جواب ملے گا، وزیراعظم شہباز شریف کی بھارت کو وارننگ

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پہلگام واقعے کو بھارت کا “فالس فلیگ آپریشن” قرار دیتے ہوئے نئی دہلی کو سخت ترین الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان کا پانی روکنے یا موڑنے کی کوشش کی گئی تو اس کا جواب انتہائی خوفناک ہوگا۔

پی ایم اے کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات پر تاریخی اور اصولی موقف اختیار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت بغیر کسی ٹھوس ثبوت اور تحقیقات کے پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے، جس کی تازہ ترین مثال پہلگام کا حالیہ واقعہ ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں بھارت کو ایک بار پھر غیر مشروط پیشکش کی کہ وہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری کروائے تاکہ حقائق پوری دنیا کے سامنے آ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف بہترین شخصیات ہیں، ڈونلڈٹرمپ

وزیراعظم نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ شہباز شریف نے بھارت کے آبی جارحیت کے عزائم کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پاکستان کے پانی کے بہاؤ کو روکنے، کم کرنے یا موڑنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری بہادر مسلح افواج ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے انکوائری کی پیشکش نے پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ثابت کیا ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے اس پیشکش سے گریز اسے عالمی سطح پر مزید رسوا کر سکتا ہے۔

پہلگام کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب بھارت کے اندرونی حالات اور انتہا پسندی پر عالمی برادری سوالات اٹھا رہی تھی۔ ماضی کی طرح، بھارتی قیادت نے بغیر کسی تحقیقات کے اس واقعے کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی تاکہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال سکے۔ پی ایم اے کاکول میں وزیراعظم شہباز شریف کا یہ خطاب دراصل پاکستان کی اس نئی دفاعی اور سفارتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس میں ’پہلے سے جواب‘ دینے کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشنز کا مقصد اکثر پاکستان کو عالمی فورمز پر دباؤ میں لانا ہوتا ہے، تاہم وزیراعظم کی شفاف تحقیقات کی پیشکش نے بھارت کو دفاعی پوزیشن پر آنے پر مجبور کر دیا ہے اور بھارتی پروپیگنڈے کی عالمی اہمیت ختم ہو کر رہ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ شوٹر کی تصویر شیئر کردی