وزیراعظم شہباز شریف کا ‘اپنا گھر اسکیم’ کا باضابطہ آغاز، مستحقین میں بینک چیک تقسیم

وزیراعظم شہباز شریف نے “وزیراعظم اپنا گھر اسکیم” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت قرض کے لیے اہل افراد میں بینک چیک بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔ اس اہم منصوبے کا اطلاق صرف وفاق تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اسے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی یکساں طور پر نافذ کیا جائے گا، جہاں مستحق شہریوں کو ایک کروڑ روپے تک کا قرض انتہائی آسان شرائط پر فراہم کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور واضح کیا کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا ریاست کا ایک مقدس فریضہ اور ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسکیم 20 سالہ طویل مدت کے قرض پر مبنی ہے جس کا مجموعی حجم 3.2 کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسکیم کے پہلے مرحلے میں 50 ہزار گھروں کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے، جبکہ حکومت کا حتمی ہدف آئندہ 4 برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کو یقینی بنانا ہے۔ اس اسکیم کے تحت شہری 10 مرلے تک کی زمین پر اپنا گھر تعمیر کرنے کے اہل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی سفیر کا وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اظہار تشکر

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ اس اسکیم کی کامیابی اور قرضوں کی شفاف فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ماہانہ بنیادوں پر خود اس کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ حکومتی اراکین اور نجی شعبے کی باہمی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے تاکہ گھروں سے محروم افراد کی بڑی تعداد کی مدد کی جا سکے، جیسے کہ تقریب کے دوران ایک ڈرائیور غلام حسین کو بھی گھر کے لیے قرض فراہم کیا گیا۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبے میں تیزی آنے سے ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلے گا، جبکہ اس اسکیم میں فعال کردار ادا کرنے والے بینکوں کو 14 اگست کے موقع پر میڈلز سے نوازا جائے گا۔ آخر میں انہوں نے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مایہ ناز ایکسپورٹرز کو سفیرِ عمومی بنا کر انہیں دو سال کے لیے بلیو پاسپورٹ جاری کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: اپنا گھر بنانے والوں کی بڑی مشکل حل،اسٹیٹ بینک کا بڑا فیصلہ!

Scroll to Top