آئی پی ایل

آئی پی ایل : ڈریسنگ روم میں غیرقانونی حرکت پر بھارتی کھلاڑی کو سزا مل گئی

راجستھان رائلز کے کپتان ریان پراگ کو انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ لیگ انتظامیہ نے انہیں ڈریسنگ روم میں ویپ استعمال کرنے پر جرمانہ عائد کیا ہے ۔

آئی پی ایل حکام کے مطابق 24 سالہ ریان پراگ کو نیو چندی گڑھ میں پنجاب کنگز کے خلاف میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں ویپ کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔

اس حرکت پر ان کی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ کیا گیا اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی نے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کی، جو ایسے رویوں سے متعلق ہے جو کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انڈین پریمیئر لیگ معطل کردی گئی، بھارتی میڈیا

ریان پراگ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے دی گئی سزا قبول کر لی ہے ۔ اسی میچ میں راجستھان رائلز نے پنجاب کنگز کے 222 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے 4 گیندیں باقی رہتے ہوئے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی ۔

بورڈ نے مزید کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور لیگ کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے ٹیموں، آفیشلز اور کھلاڑیوں کے خلاف مزید سخت اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔

یاد رہے کہ بھارت میں ویپنگ پر مکمل پابندی ہے، جس میں ای سگریٹ کی تیاری، فروخت، درآمد اور تشہیر شامل ہیں۔یہ بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اپریل میں راجستھان رائلز کے ٹیم منیجر رومی بھنڈر کو رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف میچ کے دوران ڈگ آؤٹ میں موبائل فون استعمال کرنے پر ایک لاکھ بھارتی روپے جرمانہ کیا گیا تھا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل کیوں جوائن کی؟ ایڈم زمپا نے بھارتی لیگ کے پول کھول دیے

واقعے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ منظرعام پر آیا، جبکہ ریان پراگ کی ویپ استعمال کرتے ہوئے تصاویر بھی میچ کے فوراً بعد گردش کرنے لگیں ۔