اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (واسا) نے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ بارش کے باعث جہاں ایک طرف موسم خوشگوار ہوگیا ہے، وہیں تیز ہواؤں کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
جڑواں شہروں میں بارش کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہونے کے باعث اسکول جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے افراد کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سیکٹر ایف نائن کی مختلف سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔ اس کے علاوہ تیز ہواؤں کے باعث سیکٹر جی ایٹ میں ایک درخت بھی گر گیا، تاہم اس واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
وقفے وقفے سے جاری اس بارش کے پیش نظر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے اضافی عملہ تعینات کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور مختلف علاقوں میں نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش، موسم خوشگوار ہوگیا
راولپنڈی میں واسا ہائی الرٹ اور نالہ لئی کی صورتحال:
راولپنڈی میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر واسا کو مکمل طور پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان کے مطابق شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے تمام فیلڈ افسران کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر ضروری مشینری بھی حساس مقامات پر پہنچا دی گئی ہے۔
واسا حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی سمیت بڑے نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، اور کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 2 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سیدپور میں 24 ملی میٹر، گولڑہ میں 12، بوکرہ میں 19، پی ایم ڈی میں 19، شمس آباد میں 18، کچہری میں 10، پیرودھائی میں 20 اور نیو کٹاریاں میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کے دوران نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے واسا کی فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں اور کنٹرول روم کے ذریعے صورتحال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔




