پی ٹی آئی رہنما مقبول گجر نے بطور ممبر اسمبلی دوبارہ حلف اٹھا لیا

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں منگل کے روز ایک اہم اور غیر معمولی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 35 جموں 2 سے پاکستان تحریک انصاف کے چوہدری مقبول گجر کو باضابطہ طور پر منتخب رکن اسمبلی قرار دے دیا گیا۔

اجلاس کے دوران سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے چوہدری مقبول گجر سے ایوانِ اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد ایوان میں خطاب کرتے ہوئے چوہدری مقبول نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اداروں نے مثالی کارکردگی دکھائی ہے کہ انہیں صرف تین سال میں انصاف فراہم ہوا۔

مزید یہ بھی پڑھیںپاکستان میں ایرانی ریال مہنگا، طلب میں تیزی کا رحجان

انہوں نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض کیسز میں دہائیوں بعد فیصلے آتے ہیں، تاہم ان کے مطابق ان کے کیس میں جلد انصاف ایک مثبت پہلو ہے۔

اس موقع پر سپیکر نے ان کے بعض ریمارکس پر انہیں محتاط رہنے کی تلقین کی اور ایوانی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں چوہدری مقبول نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ مزید کسی سیاسی تنازعے کا حصہ نہیں بننا چاہتے کیونکہ اسمبلی کی مدت اب محدود رہ گئی ہے۔

انہوں نے اپنے گزشتہ اور موجودہ عرصۂ رکنیت کے دوران کسی بھی ساتھی رکن سے ناروا رویے یا غلط فہمی پر معذرت بھی کی۔اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے چوہدری مقبول کو ایوان میں واپسی پر مبارکباد دی۔

مزید: یہ بھی پڑھیں شوکت نواز میر ، انجم زمان اعوان، راجہ صعیب جاوید کے وارنٹ گرفتاری جاری

تاہم انہوں نے سیاسی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سیاسی وفاداریاں بدلنے والے ارکان کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ ان کے اس بیان پر ایوان میں مختلف آراء سامنے آئیں۔

فاروق حیدر نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی حلف اٹھاتے ہیں کہ سرکاری معلومات کو راز میں رکھیں گے مگر بعض اوقات اس کی خلاف ورزی بھی سامنے آتی ہے۔

چوہدری مقبول نے اس موقع پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا اور وہ مزید تنازع پیدا نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کے اعتماد کو اپنی سب سے بڑی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور ان کے مطابق عوام نے انہیں ووٹ کی طاقت کے ذریعے ایک بار پھر اعتماد دیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں: سماہنی: الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ووٹر فہرستیں پبلک، ووٹرز کی تعداد میں بڑا اضافہ

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مختلف سیاسی و عدالتی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مختصر مدت میں انصاف ملا، جو ان کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔

چوہدری مقبول نے کہا کہ وہ اب ایوان میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔کشمیر ڈیجیٹل کے مطابق اس موقع پر ایوان میں سیاسی ماحول قدرے گرم رہا، تاہم سپیکر کی مداخلت سے صورتحال کو قابو میں رکھا گیا اور کارروائی معمول کے مطابق جاری رہی۔

Scroll to Top