محکمہ موسمیات نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے لیے موسم کی تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام میں مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع بشمول لاہور میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم راولپنڈی، اٹک، مری اور گلیات میں رات کے وقت بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور، رحیم یار خان اور راجن پور میں بھی بعد از دوپہر کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا
خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع بشمول سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور پشاور میں شام یا رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سکرنڈ اور شہید بینظیر آباد میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دادو اور مٹھی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں کوئٹہ، زیارت اور ژوب میں بھی بعد از دوپہر گرج چمک کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔




