موسم

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں جزوی ابر آلود صورتحال بھی دیکھنے میں آ سکتی ہے ۔

اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں اتوار کے روز موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ ماہرین کے مطابق دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے تقریباً تین سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے ۔

خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں بھی خشک اور گرم موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے مقابلے میں دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے ۔

پنجاب بھر میں مجموعی طور پر موسم گرم اور خشک رہے گا۔ مری، گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں بھی یہی موسمی کیفیت برقرار رہ سکتی ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے تین سے پانچ ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد و گردونواح میں اچانک تیز بارش سے موسم خوشگوار

سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی شدید گرمی اور خشکی برقرار رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے ۔

بلوچستان میں بھی زیادہ تر علاقے گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے دو سے چار ڈگری زیادہ ہونے کا امکان ہے ۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر خشک موسم رہنے کی توقع ہے ، البتہ چند مقامات پر ہلکے بادل چھائے رہ سکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کہیں شدید گرمی اور کہیں تیز بارش،این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی اور مٹھی میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔

Scroll to Top