پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل کا جنگ کے خاتمے میں کردار کو قابل تحسین قرار دیدیا۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کے دورہ پاکستان پر اسلام آباد میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے حکومت پاکستان، پاک فوج اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عراقچی کا ہنگامی دورہ پاکستان،تحریری شرائط پیش کیں، ایرانی خبر ایجنسی کا دعویٰ
ایکس پر جاری بیان میں ایرانی سفیر نے وزیراعظم شہبازشریف اورفیلڈ مارشل عاصم منیرکی قیادت میں امن کوششوں کو سراہتے ہوئےکہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل کا جنگ کے خاتمے میں کردار قابل تحسین ہے۔
ایرانی وفد کا دورہ مکمل سکیورٹی، مؤثرمنصوبہ بندی اور بہترین انتظامات میں ہوا، پاکستانی اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔
ایرانی سفیر نے پاک فوج، سکیورٹی فورسز، پولیس اورسرکاری اداروں کے عملےکا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اسلام آبادکے عوام کی مہمان نوازی، صبر اور تعاون کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاک ایران دوستی زندہ باد کے الفاظ کے ساتھ رضا امیری مقدم نے کہا کہ میں اس موقع پر افواج، سیکیورٹی فورسز، پولیس، تمام سرکاری اداروں کے اہلکاروں اور بالخصوص پاکستان کے عوام اور اسلام آباد کے شہریوں کا ان کے صبر، مہمان نوازی اور بھرپور تعاون پر دلی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیںوزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی اہم ملاقاتیں
ایرانی سفیرنے پاکستان کوبرادر، دوست اورہمسایہ ملک قراردیتے ہوئےتعلقات مزید مضبوط بنانےکے عزم کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے دو دن میں اسلام آباد کو دوسرا دورہ کیا اور پاکستانی حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔




