لاہور میں پنجاب فلم سٹی کا اعلان، میڈیا انڈسٹری کے لیے بڑا منصوبہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں 50 ایکڑ پر مشتمل جدید پنجاب فلم سٹی کے قیام کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس عظیم الشان منصوبے کا بنیادی مقصد پاکستان کی فلمی اور ڈیجیٹل میڈیا صنعت کو نئی زندگی دینا اور اسے عالمی معیار کے مطابق ڈھالنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں فلمی اور میڈیا صنعت کے فروغ کے لیے اس اہم اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ نیا فلم سٹی لاہور میں قائم کیے جانے والے “نواز شریف آئی ٹی سٹی” کے اندر ہی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق، یہ منصوبہ ملک کا پہلا مکمل ’اینڈ ٹو اینڈ‘ میڈیا پروڈکشن حب ثابت ہوگا، جہاں فلم، ٹیلی ویژن، اینیمیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کے تمام شعبوں کے لیے جدید ترین سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: اپنی چھت، اپنا گھر’ پروگرام،مزید 12 ہزار خاندانوں کو بلاسود قرضہ دینے کا فیصلہ

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کی فلمی صنعت کی بحالی کو جدید ٹیکنالوجی، بہتر وسائل اور عالمی معیار کی سہولیات کے ذریعے ممکن بنایا جائے گا۔ اس اقدام سے وی ایف ایکس (VFX) اور پوسٹ پروڈکشن جیسے اہم کاموں کے لیے بیرون ملک پر انحصار میں نمایاں کمی آئے گی۔ پنجاب فلم سٹی میں جدید اسٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیجز اور جدید پوسٹ پروڈکشن لیبز قائم کی جائیں گی، جبکہ شوٹنگ کے لیے مختلف اقسام کے سیٹس، تمام ضروری سہولیات اور ایک مرکزی خوبصورت جھیل بھی اس منصوبے کا خاص حصہ ہوگی۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی ایونٹس اور ایوارڈ شوز کے باوقار انعقاد کے لیے بڑے کنونشن ہالز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیرہائی کورٹ نے طلباء سے امتیازی سلوک کو غیر قانونی قرار دے دیا

وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں میڈیا ٹریڈ ہب کے ساتھ ساتھ ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ فلم اور میوزک اسکول کا قیام بھی شامل ہے، جو نئی نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب فلم سٹی کی تعمیر سے نہ صرف ہزاروں افراد کو براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ اینیمیشن، گیمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں کو بھی بے پناہ تقویت ملے گی۔ مریم نواز شریف کے مطابق یہ منصوبہ تخلیقی معیشت کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا جو ٹیلنٹ، ٹیکنالوجی اور کاروبار کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا۔ یہ منصوبہ مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا اور اس کی مزید تفصیلات بھی جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔

Scroll to Top