لاہور قلندرز

لاہور قلندرز کی فتح کے بعد کراچی کنگز کی ایونٹ میں پیش قدمی ختم

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 38ویں میچ میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہنے والی پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں لاہور قلندرز نے 200 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر اور مقررہ اوورز سے 3 گیندیں پہلے حاصل کرلیا۔ فخر زمان نے 58 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ ڈینئل سیمز 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو کامیابی دلائی ۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ مائیکل بریسویل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 83 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے، جبکہ کپتان بابر اعظم نے 58 رنز کی اننگز کھیلی ۔

لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ میچ میں بہترین کارکردگی پر فخر زمان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11: پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست، لاہور قلندر نےمیدان مارلیا

اس جیت کے بعد لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آ گئی ہے، جبکہ پشاور زلمی پہلی شکست کے باوجود بدستور سرفہرست ہے ۔ اس نتیجے کیساتھ ہی کراچی کنگز کی ایونٹ میں پیش قدمی ختم ہو گئی ۔

دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین بھی پلے آف کی دوڑ میں شامل ہے، تاہم اسے اگلے مرحلے تک پہنچنے کیلئے اپنا آخری گروپ میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا ۔

راولپنڈیز کے خلاف میچ میں اسے یا تو 85 رنز سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی یا ہدف کو 10 اوورز کے اندر حاصل کرنا ہوگا تاکہ اس کا رن ریٹ بہتر ہو سکے ۔

پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان اہم میچ کھیلا جائے گا ۔ اس میچ کی فاتح ٹیم 28 اپریل کو پشاور زلمی کیخلاف کوالیفائر میں مدمقابل ہوگی، جس کی جیتنے والی ٹیم براہِ راست فائنل میں جگہ بنائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شائقین کو پی ایس ایل فائنل دیکھنے کی اجازت، ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کل سے شروع

پی ایس ایل 11 کا پہلا ایلیمنیٹر 29 اپریل کو تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان ہوگاجبکہ اس میچ کی فاتح ٹیم کوالیفائر کی رنر اپ ٹیم کے خلاف ایلیمنیٹر 2 میں فائنل تک رسائی کے لیے مقابلہ کرے گی ۔

Scroll to Top