دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارے میں اڑان بھرتے وقت انجن میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ہنگامی انخلا کے دوران 6 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح اس وقت پیش آیا جب سوئس ایئر کی ایک پرواز دہلی سے زیورخ جانے کے لیے اڑان بھرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ ٹیک آف کے دوران طیارے کا ایک انجن اچانک فیل ہو گیا اور اس نے آگ پکڑ لی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پائلٹ نے فوری طور پر طیارہ روکا اور مسافروں کے ہنگامی انخلا کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ شوٹر کی تصویر شیئر کردی
عینی شاہدین اور ذرائع کے مطابق ہنگامی انخلا کے دوران مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور جلدی میں طیارے سے نکلنے کی کوشش میں بھگدڑ مچ گئی۔ اس افراتفری کے باعث کم از کم 6 مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ انجن فیل ہونے کی وجوہات کا پتا چلایا جا سکے۔




