زرداری

صدر آصف زرداری پانچ روزہ سرکاری دورے پر چین کے شہر چانگشا پہنچ گئے

صدرمملکت آصف علی زرداری اپنے پانچ روزہ سرکاری دورے پر چین کے شہر چانگشا پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا شاندار اور پُرتپاک استقبال کیا گیا ۔

ایوان صدر کے مطابق چانگشا آمد پر ہونان صوبائی عوامی کانگریس کے نائب چیئرمین ہو ژوشینگ نے صدر مملکت کا استقبال کیا ۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے، جنہوں نے اس اہم دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات کیلئے مثبت قرار دیا ۔

دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری چانگشا میں صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی بات چیت ہوگی ۔ ان ملاقاتوں میں پاک چین اقتصادی تعاون، تجارتی روابط اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیریوں کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، صدر آصف زرداری

اس کے علاوہ صدر مملکت چین کے صوبہ ہونان میں واقع شاؤشان کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ چین کے سابق رہنما چیئرمین ماؤ زے تنگ کی جائے پیدائش اور ان کی تاریخی رہائش گاہ کا معائنہ کریں گے۔

ایوان صدر کے مطابق اس دورے کے دوران حکومت سندھ اور چینی کمپنیوں کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط بھی کیے جائیں گے ۔

ان معاہدوں کا بنیادی مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا، صنعتی تعاون کو بڑھانا اور اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے ۔

ایوان صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان موجودہ معاشی تعاون، تجارت اور پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خوراک تک مساوی، محفوظ اور سستی رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے : صدر آصف زرداری

اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری لاہور سے چین کے لیے روانہ ہوئے تھے، جہاں گورنر پنجاب نے انہیں رخصت کیا اور ان کے دورے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

Scroll to Top