پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال کو ختم کرانا پاکستان کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے ۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور ہر ایسی کوشش کی حمایت کرتا ہے جو عالمی سطح پر تنازعات کے خاتمے اور سفارتی حل کی طرف لے جائے ۔
بیرسٹر گوہر نے سیاسی صورت حال اور اپنی جماعت کے مؤقف پر بھی بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی اختلافات کو ذاتی رنجشوں میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے ۔
ان کے مطابق اس سے جمہوری نظام کمزور ہوتا ہے اور قومی مفاد متاثر ہوتا ہے ۔ ان کے مطابق سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کیساتھ برداشت اور مکالمے کا رویہ اپنانا چاہیے تاکہ سیاسی استحکام قائم رہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خان کی رہائی کیلئے جوجہد جاری،تسلیم کرتا ہوں کارکنوں کی توقعات پر پورا نہیں اترے: بیرسٹر گوہر
پی ٹی آئی کی حکمت عملی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے احتجاجی سیاست کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج جمہوری حق ہے اور جب بھی عوامی مسائل یا سیاسی اختلافات سامنے آئیں گے تو پی ٹی آئی اپنا مؤقف پرامن انداز میں پیش کرتی رہے گی ۔
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ احتجاج ہمیشہ آئینی اور قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو مل کر ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عمران خان کےبچےکبھی پاکستان کیخلاف بات کرینگے توحمایت نہیں کرینگے: بیرسٹر گوہر
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے پالیسی سازی کی جائے تاکہ ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے ۔




