پاکستان سپر لیگ میں ہفتے کو لاہور 2میچز کی میزبانی کرے گا، کراچی کنگز اورلاہور قلندرز کیلئے صورتحال نازک ہو گئی، کراچی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور کو پشاور زلمی کیخلاف لازمی فتوحات درکار ہوں گی، دونوں میچز فائنل فور کی دوڑ پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تقریباً باہر ہو چکی ہے، یہ میچ ان کے کچھ آنسو پونچھنے میں مدد دے گا، ٹیم نے 9 میچز میں حصہ لیا، صرف تین میں کامیابی حاصل کی ، پوائنٹس ٹیبل پرساتواں نمبر پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11،پلیئرز کو آپس میں الجھنا مہنگا پڑا، بھاری جرمانہ عائد
کراچی کنگز کیلئے صورتحال نہایت نازک ہے ،اسے ٹاپ فور میں جگہ بنانے کیلئے ہر صورت کامیابی درکار ہوگی، ٹیم نے9 میچز میں 8 پوائنٹس حاصل کیے اور پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے۔
ڈیوڈ وارنر، جیسن روئے، حسن علی، معین علی اور خوشدل شاہ امیدوں کے محور ہوں گے، کنگز کی ٹیم پر دبائو واضح ہوگا ، ایک اور ہار اسے ایونٹ سے باہر کر دے گی۔
شام کے وقت 38ویں میچ میں لاہور قلندرز ناقابل شکست پشاور زلمی کو زیر کرنے کیلئے کوشاں ہوں گے، بابر الیون 17 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست اور پہلے ہی فائنل فور میں جگہ بنا چکی ہے۔
قلندرز8 پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں پوائنٹس پر موجود ہیں،ٹیم کیلئے یہ میچ فیصلہ کن اہمیت اختیار کر چکا ،فخرزمان، عبداللہ شفیق، سکندر رضا، شاہین آفریدی اور حارث رئوف سے بہتر کارکردگی کی توقع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے 2 اہم کھلاڑیوں کا پی ایس ایل کا این اوسی منسوخ کردیا
قلندرز کی مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب جمعرات کی شام قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اگر ٹیم اس میچ میں کامیابی حاصل کر لیتی تو فائنل فور میں جانے کے امکانات کہیں زیادہ روشن ہو سکتے تھے، اس ناکامی نے اسے کڑے امتحان میں ڈال دیا جہاں اب واپسی کیلئے غیر معمولی کارکردگی درکار ہوگی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم، مائیکل بریسویل،کوشال مینڈس،سفیان مقیم اور علی رضاٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔




