نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مختلف علاقوں میں 5 مئی تک شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) جاری رہنے کا امکان ہے۔
اتھارٹی کے مطابق 24 اپریل سے 29 اپریل کے دوران ملک کے بعض حصوں میں بارش، گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان بھی متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیشگوئی
این ڈی ایم اے نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات اور ہنگامی تیاریوں کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کئی علاقے شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان اور تربت جیسے بڑے شہروں میں شدید گرمی متوقع ہے۔
علاوہ ازیں وسطی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
24، 25 اور 29 اپریل کو پنجاب کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں، تیز ہوا اور بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔
بلوچستان کے شمالی اضلاع جیسے کوئٹہ، زیارت، خضدار اور قلات میں بھی بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں جبکہ ساحلی علاقے گرم اور خشک رہیں گے۔
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پییں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش و ژالہ باری، وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ بند
اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو رسپانس پلان فوری فعال کریں، کولنگ سینٹرز قائم کریں اور اسپتالوں کو الرٹ رکھیں۔
صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔




