ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی سات شرائط پوری ہونے تک مذاکرات میں پیش رفت ممکن نہیں ہے۔
ایران کی پارلیمان کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کی شرائط ثالثوں کو بارہا اور واضح طور پر بتائی جا چکی ہیں، ان سات شرائط پر اتفاق کے بغیر مذاکرات میں پیش رفت ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران اور عراق سمیت خلیجی ممالک اپنی سکیورٹی خود سنبھالیں، عمان
رائٹرز کے مطابق محمد باقر قالیباف نے جمعرات 29 اکتوبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران پر دباؤ ڈالنے اور مراعات دینے کی حکمتِ عملی مؤثر ثابت نہیں ہوگی۔
ان کے بقول، ایران کی شرائط پوری ہونے کے بعد ہی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔
ایرانی رہنما کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ رائٹرز کے مطابق قطر کے ثالثوں نے بدھ کو تہران کو ایک نئی مجوزہ مفاہمت پیش کی تھی، تاہم ایک ایرانی عہدیدار نے اسے ناقابلِ قبول تجاویز قرار دیا۔
اختلافات کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر ابتدا ہی سے بات ہو، جبکہ تہران پہلے امریکی بحری ناکہ بندی اور تیل کی برآمدات پر پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔
قالیباف اس سے قبل بھی واضح کر چکے ہیں کہ ایران کی شرائط جون میں طے پانے والی عبوری مفاہمت اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سے منسلک ہیں۔
تہران کا موقف ہے کہ ان شرائط پر عمل درآمد کے بغیر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور معمول کی بحری آمدورفت بحال کرنے پر پیش رفت نہیں ہوسکتی۔
ایران کی شرائط کیا ہیں؟
ایرانی حکام کے سابقہ بیانات اور مذاکرات سے متعلق رپورٹس کے مطابق تہران کے مطالبات میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی رہائی، امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، تیل پر عائد پابندیوں میں نرمی یا خاتمہ اور ایران کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت جیسے نکات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ نے ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کا اشارہ دیدیا
آبنائے ہرمز اس تنازع کا ایک اہم پہلو ہے، کیونکہ یہ عالمی سطح پر تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے۔ اس کی بندش یا بحری آمدورفت میں رکاوٹ عالمی توانائی منڈیوں اور تیل کی قیمتوں پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مؤقف اور شرائط سے پیچھے نہیں ہٹے گا، جبکہ ثالثی کی کوششوں کا مقصد دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات کم کرکے جنگ کے خاتمے اور خطے میں استحکام کے لیے قابلِ قبول سمجھوتا تلاش کرنا ہے۔




