عثمان خان

پی ایس ایل11:عثمان خان کی شاندار سنچری، حیدرآباد نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

کراچی (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 33ویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے عثمان خان کی شاندار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ 

میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا ۔

اسٹیو اسمتھ نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 47 گیندوں پر 106 رنز بنائے، جس میں 6 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے ۔ ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان نے 66 رنز جبکہ جوش فلپے نے 19 رنز کی اننگز کھیلی ۔ حیدرآباد کی جانب سے عاکف جاوید نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نتالیہ خان کی کھیلوں کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا : اظہرعلی شاہ

ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز مین نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور عثمان خان کی زبردست سنچری کی بدولت 214 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں حاصل کرلیا ۔

عثمان خان نے 47 گیندوں پر 101 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں نمایاں رہے۔ یہ ان کے پی ایس ایل کیریئر کی چوتھی سنچری ہے، جس کے بعد وہ لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔

دیگر بیٹرز میں مارنس لبوشین نے 61 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ حسان خان نے صرف 6 گیندوں پر 24 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور ناٹ آؤٹ رہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل، فخر زمان نے کئی ریکارڈ بنا کر بابراعظم کو پیچھے چھوڑ دیا

اس کامیابی کے ساتھ حیدرآباد کنگز مین نے 2 اہم پوائنٹس حاصل کیے اور پوائنٹس ٹیبل پر 8 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے، جبکہ ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے ۔

Scroll to Top