بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سخت لہجے میں خبردار کیا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مکاری اب دنیا کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کشمیر ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، تاہم بھارت اسے مسلسل اپنا داخلی معاملہ قرار دینے کی ناکام کوشش کرتا ہے۔ ان کے مطابق بھارت اپنے اندرونی معاملات کو بیرونی اور بیرونی معاملات کو اندرونی رنگ دے کر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی تجویز، بی آئی ایس پی وظیفے میں اضافے کا امکان

وفاقی وزیر نے سنگین الزام عائد کیا کہ پہلگام واقعہ دراصل بھارت کا اپنا فالس فلیگ آپریشن تھا، جس پر پاکستان نے ہمیشہ آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کو ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت اب تک تسلی بخش جواب دینے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ عطا اللہ تارڑ کے مطابق واقعے کے محض 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج اس بات کی واضح نشاندہی کرتا ہے کہ اس کا متن پہلے سے تیار تھا، جو شکوک و شبہات کو مزید بڑھاتا ہے۔

وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پہلگام میں جو لوگ بھارتی دہشت گردی کا نشانہ بنے، ہم ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کرتے ہیں اور اظہارِ افسوس بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت نے اگر کوئی بھی مس ایڈونچر یا مہم جوئی کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت کو آپریشن سندور میں بھی شکستِ فاش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کا شاندار کارنامہ، معرکہ حق کی گونج سال بعد بھی برقرار، بھارت ہر محاذ پر ناک آئوٹ

انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی، سیاستدانوں اور تھنک ٹینکس نے بھی پہلگام واقعے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔ یہ تمام حقائق بھارت کے بنائے گئے بیانیے پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں۔

Scroll to Top