ملک میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ روپے کی قدر میں کمی اور عالمی مارکیٹ کے اثرات کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں سونا عام آدمی کی پہنچ سے مزید دور ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 500 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 6 ہزار 62 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 858 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 33 ہزار 866 روپے ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سونا مزید مہنگا، فی تولہ قیمت 4 لاکھ 94 ہزار سے بھی تجاوز
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ اور مقامی کرنسی کی قدر میں کمی سونے کی قیمتوں میں اس حالیہ اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سونے کی قیمتیں مزید غیر یقینی رجحان کا شکار رہ سکتی ہیں، جس کا براہ راست اثر عام صارفین اور زیورات کی صنعت سے وابستہ افراد پر پڑ رہا ہے۔




