پاکستان سے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت آج پہلی حج پرواز کراچی سے روانہ ہوئی۔ یہ پرواز نجی ائیرلائن کے ذریعے 160 عازمین حج کو لے کر حجاز مقدس کے لیے روانہ ہوئی۔
کراچی ایئرپورٹ پر اس موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا۔ انہوں نے عازمین کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کے ساتھ ان کے سفر کے لیے دعا بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: حجاز مقدس کی جانب سفر کا آغاز، حج فلائٹ آپریشن شروع ہوگیا
رواں سال حج آپریشن کے دوران کراچی ایئرپورٹ سے 31 ہزار سے زائد عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت خصوصی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سعودی حکام عازمین حج کی ون ٹائم امیگریشن کراچی ایئرپورٹ پر ہی مکمل کریں گے، جس سے سعودی عرب پہنچنے پر وقت اور مراحل میں آسانی ہوگی۔
دوسری جانب سعودی میڈیا کے مطابق مکہ روٹ انیشیٹیو میں شامل ممالک کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔ رواں برس اس منصوبے کے تحت 10 ممالک کے 17 اسٹیشنز سے عازمین کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس انیشیٹیو میں شامل ممالک میں مراکش، انڈونیشیا، ملائیشیا، پاکستان، بنگلادیش، ترکیہ، جمہوریہ آئیوری کوسٹ اور مالدیپ شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: عازمینِ حج ہوشیار! بغیر پرمٹ حج کرنے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور 10 سالہ پابندی کا اعلان
یہ اقدام حج کے سفر کو مزید منظم اور آسان بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ان کے سفر کو سہل بنایا جا سکے۔




