طبی خدمات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،سیکرٹری ہیلتھ بریگیڈیئر عامر رضا ٹیپو

جہلم ویلی(کشمیر ڈیجیٹل)سیکرٹری ہیلتھ آزاد جموں و کشمیر بریگیڈیئر عامر رضا ٹیپو نے بروز جمعرات ضلع جہلم ویلی کا ایک اہم اور تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کا مقصد ضلع میں صحت کے شعبے میں جاری سہولیات کا جائزہ لینا اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کو مزید مؤثر اور معیاری بنانے کے لیے عملی اقدامات کا معائنہ کرنا تھا۔

اس موقع پر محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔سیکرٹری ہیلتھ نے اپنے دورے کا آغاز ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس جہلم ویلی کے معائنے سے کیا جہاں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل نے انہیں ایک تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں ضلع بھر میں جاری صحت عامہ کے پروگرامز، حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم، بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:رفاقت گجر قتل کیس کے ملزم جلد کٹہرے میں لائیں گے، ایس ایس پی ریاض مغل

اس موقع پر بتایا گیا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کو مؤثر انداز میں جاری رکھا گیا ہے جبکہ دور دراز اور دیہی علاقوں میں بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سیکرٹری ہیلتھ نے ان کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

بعد ازاں سیکرٹری ہیلتھ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال جہلم ویلی کا اچانک دورہ کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد جنید نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

سیکرٹری ہیلتھ نے ایمرجنسی، وارڈز اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید بہتری لائی جائے۔

بریفنگ کے دوران سیکرٹری ہیلتھ کو آگاہ کیا گیا کہ عالمی ادارہ ریڈ کراس (ICRC) کے تعاون سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چھم کو ادویات فراہم کی گئی ہیں، جس سے مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت میسر آئے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افواج پاکستان کا جدید ترین ڈرون فضا میں ہی مار گرانے کا کامیاب تجربہ

سیکرٹری ہیلتھ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے صحت کے شعبے میں مزید مثبت تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی فلاح کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

دورے کے دوران سیکرٹری ہیلتھ نے مقامی افراد سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔

عوام نے صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا اور مزید سہولیات کی فراہمی کی امید ظاہر کی انہوں نے ہسپتال کے دیرینہ مسائل کو حل کرتے ہوئے ریڈیالوجسٹ کی تعیناتی عمل میں لائی ہے تاکہ مریضوں کو ہسپتال میں یہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

دورے کے اختتام پر سیکرٹری ہیلتھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کو بہتر، معیاری اور قابلِ رسائی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

Scroll to Top