نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں کل 18 اپریل سے 23 اپریل کے دوران ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے ۔
این ای او سی کے مطابق اس دوران ملک کے کئی حصوں میں آندھی ، گرج چمک کے ساتھ بارش ، ژالہ باری اور بعض مقامات پر برف باری کا امکان ہے ۔
بالائی اور وسطی پنجاب میں 18 اور 19 اپریل کو وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، گجرات، جہلم، چکوال، اٹک، میانوالی اور ڈیرہ غازی خان سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے ۔
بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ جنوبی پنجاب میں زیادہ تر موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم 18، 19 اور 23 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے ۔
بلوچستان کے شمالی اور مغربی اضلاع جن میں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، خضدار، تربت اور قلعہ سیف اللہ شامل ہیں، 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
گوادر اور ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ دیگر علاقے زیادہ تر خشک رہیں گے ۔
سندھ کے مختلف شہروں بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، بدین، عمرکوٹ، مٹھی اور کیٹی بندر میں 19 اور 20 اپریل کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
تاہم ان علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے ۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے ۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:16 سے 19 اپریل تک بارشیں،تیزہواؤں کا نیا الرٹ جاری،لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی تازہ صورت حال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے ۔




