ذمہ داریاں

شاہد آفریدی نے این بی پی میں اسپورٹس کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

کراچی (کشمیر ڈیجیٹل)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے اسپورٹس شعبے میں بطور اسپورٹس کنسلٹنٹ اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔

اس موقع پر این بی پی کے صدر رحمت علی حسنی اور دیگر سینئر انتظامی افسران نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ آفریدی کی شمولیت ادارے کے اسپورٹس پروگرام کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے کھلاڑیوں کی تربیت اور کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔

رحمت علی حسنی نے کہا کہ این بی پی کا مقصد ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مضبوط نظام قائم کرنا ہے تاکہ نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لا کر انہیں قومی اور بین الاقوامی معیار تک پہنچایا جا سکے ۔ ان کے مطابق شاہد آفریدی جیسی شخصیت کی موجودگی اس مشن کو مزید تقویت دے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ،سنجو سیمسن نے شاہد آفریدی کا 17 سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا

شاہد آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف مناسب مواقع اور رہنمائی کی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ این بی پی اسپورٹس پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف کھیلوں میں اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ پیشہ ورانہ سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں اور ملک کا نام روشن کریں ۔

ماہرین کے مطابق شاہد آفریدی کی بطور اسپورٹس کنسلٹنٹ تقرری ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ہے جو نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سلمان علی آغا کی جگہ شاداب خان کو قومی ٹیم کا کپتان ہونا چاہیے : شاہد آفریدی

یہ تقرری اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک میں کھیلوں کے ادارے اب تجربہ کار سابق کھلاڑیوں کو انتظامی اور ترقیاتی کرداروں میں شامل کر کے نظام کو بہتر بنانے کی طرف بڑھ رہے ہیں، جس سے نہ صرف کرکٹ بلکہ مجموعی اسپورٹس کلچر کو بھی فروغ ملے گا ۔

Scroll to Top