بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ عالمی حالات کی وجہ سے دنیا ایک بار پھر ‘جنگل کے قانون’ کی طرف لوٹ رہی ہے۔ چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی زنہوا کے مطابق، صدر شی نے یہ اہم گفتگو چین کے دورے پر آئے ہوئے ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز سے ملاقات کے دوران کہی۔
صدر شی جن پنگ نے عالمی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت شدید ‘انتشار’ کا شکار ہے۔ انہوں نے بظاہر مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس وقت عالمی سطح پر ‘قانون کی حکمرانی’ اور ‘طاقت کی حکمرانی’ کے درمیان ایک بڑی رسہ کشی جاری ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ طاقت کا بے جا استعمال دنیا کو پرانے اور خطرناک نظام کی طرف دھکیل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ پاکستان،مشاہد حسین نے بڑا دعویٰ کردیا
ملاقات کے دوران چینی صدر نے سپین کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مل کر کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ دنیا کو ‘جنگل کے قانون’ کی طرف جانے سے روکا جا سکے۔ صدر شی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایک ایسے عالمی نظام کا دفاع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جو مکمل طور پر بین الاقوامی قوانین پر مبنی ہو تاکہ دنیا میں امن و استحکام قائم رہ سکے۔




