مظفرآباد شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ کی ناکامی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر کے مختلف چوکوں اور اہم شاہراہوں پر عوام کا شدید رش دکھائی دے رہا ہے، مگر حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی ٹرانسپورٹ شہریوں کی ضروریات پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔ مسافر طویل وقت تک سڑکوں اور چوکوں میں کھڑے ہو کر گاڑیوں کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ یا تو خالی سڑکوں پر دوڑ رہی ہوتی ہے یا پھر ڈرائیورز مختلف مقامات پر گاڑیاں کھڑی کر کے آرام کر رہے ہوتے ہیں۔ اس غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ جب کوئی شہری ڈرائیور سے روٹ کے بارے میں پوچھتا ہے تو اسے مختلف جگہوں، خاص طور پر گیلانی چوک جانے کا کہہ دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 کا بڑا معرکہ: پشاور زلمی اور ملتان سلطانز آج آمنے سامنے ہوں گے
تاہم گیلانی چوک پہنچ کر بھی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ وہاں بھی شہریوں کی بڑی تعداد سوزوکی گاڑیوں کے انتظار میں کھڑی رہتی ہے مگر ٹرانسپورٹ میسر نہیں ہوتی۔ اس ابتر صورتحال نے شہریوں کو ذہنی اذیت اور وقت کے ضیاع میں مبتلا کر دیا ہے۔ متاثرہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو فوری بہتر بنایا جائے اور روٹس کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ عوام کی مشکلات ختم ہو سکیں۔




