میٹنگ

صدر ٹرمپ کا آج قوم سے اہم خطاب، کیا ایران جنگ ختم ہونے جا رہی ہے؟

واشنگٹن:وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ آج قوم سے ایک اہم خطاب کریں گے جس میں ایران کے ساتھ جاری جنگ کے حوالے سے بڑی اپڈیٹ متوقع ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے قوم سے خطاب کریں گے اور ایران کی صورتحال پر اہم پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ سے 2سے3ہفتوں میں نکل جائیں گے،ڈیل لازمی نہیں ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ امریکی افواج آئندہ 2سے 3ہفتوں میں ایران سے نکل سکتی ہیں جس سے جنگ کے ممکنہ اختتام کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے دارالحکومت تہران پر تازہ حملے کیے گئے ہیں جبکہ ایران کی جانب سے بھی ڈرونز اور میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

جنگ کے اثرات اب عالمی معیشت پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں جبکہ امریکا میں پیٹرول کی قیمتیں 4 ڈالر فی گیلن سے تجاوز کر چکی ہیں جس کے باعث مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس تنازع میں اب تک 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ امریکی فوج کے 13 اہلکار ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دوبارہ حملہ نہ کرنے کی مضبوط ضمانت پر جنگ ختم کرنے کو تیار ہیں،ایرانی صدر

ادھرامریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ اپنے ’’اختتامی مرحلے‘‘ کے قریب پہنچ رہی ہے کیونکہ یہ تنازع اپنے پانچویں ہفتے میں داخل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اختتامی مرحلہ دیکھ سکتے ہیں۔ یہ آج نہیں، کل نہیں، لیکن یہ قریب آ رہا ہے،کسی موقع پر ایرانی حکام کے ساتھ براہِ راست ملاقات بھی ممکن ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top