خوشیوں بھرا دن، آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے، ہرطرف مسکراہٹیں بکھر گئیں

اسلام آباد: آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت، جوش و جذبے اور بھرپور خوشی کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

آزادکشمیر اور پاکستان کت چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے نمازِ عید ادا کی اور ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری سیاستدان عید کہاں کہاں منائیں گے؟ تفصیلی رپورٹ جاری

آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد،دارالحکومت اسلام آباد سمیت لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں مرکزی عید اجتماعات منعقد ہوئے جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

نمازِ عید کے اجتماعات میں علمائے کرام نے اپنے خطبات میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور قربانی کے جذبے کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر فلسطین، کشمیر،ایران اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

عیدالفطر کے موقع پر لوگ ایک دوسرے کے گھروں کا رخ کر رہے ہیں، عزیز و اقارب سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور روایتی کھانوں سے تواضع کی جا رہی ہے۔

بچوں میں عیدی لینے کا خاصا جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے جبکہ خواتین نے بھی خصوصی اہتمام کر رکھا ہے۔

دوسری جانب سیکیورٹی ادارے ملک بھر میں الرٹ ہیں تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

صدر اور وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد جموں وکشمیر: مختلف اضلاع میں نماز عید الفطر کے اوقات جاری

عیدالفطر مسلمانوں کے لیے خوشی، شکرگزاری اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آتی ہے، اور اس موقع پر پوری قوم ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو کر اس دن کو یادگار بنا رہی ہے۔

Scroll to Top