اسلام آباد:آزادکشمیر کے سابق وزیر ٹرانسپورٹ، پیپلزپارٹی کے رہنما جاوید بٹ نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میںپیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمت پر حکومت پاکستان اور حکومت آزادکشمیر کو اہم تجاویز دیدی ہیں۔
جاوید بٹ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے باعث آزاد کشمیر سمیت پاکستان کی بیوروکریسی،حکومتی نمائندگان اور تمام سرکاری اہلکاروں کے مفت پیٹرول ،ڈیزل اور غیر ضروری سفری اخراجات پر فی الفور پابندی لگائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول مہنگا کرنے پر عمران خان نے کیا وضاحتیں دی تھیں؟ ویڈیو وائرل
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے یہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں وہ واحد منتخب نمائندہ ہوں جس نے اپنی ہی حکومت سے سرکاری گاڑیوں پر اربوں کے اخراجات پر پابندی سمیت سرکاری خرچے پر پیٹرول و ڈیزل کی حد مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومتی بیوروکریسی اور دیگر نمائندگان میری اس پالیسی کے خلاف ہوگئے تھے۔
جاوید بٹ کاکہنا تھا کہ میں آج بھی دنیا اور ملک کے حالات کی وجہ سے مفت سرکاری پیٹرول،ڈیزل اور مینٹیننس کے خاتمے کا مطالبہ کر تا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز بدستور بند،عالمی منڈی میں بھی تیل قیمتوں میں 9 فیصد اضافہ
یاد رہے کہ جاوید بٹ مہاجرنشست پر راولپنڈی سے منتخب ہو کر قیو م نیازی کی کابینہ اور اس کے بعد تنویر الیاس اور چوہدری انوالحق کی کابینہ میں وزیر رہے ہیں لیکن اب ایکشن کمیٹی کے معاہدہ کی وجہ سے وہ وزیر نہیں بن سکے ہیں۔




