پیٹرول

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کتنا مہنگا ہو سکتاہے؟

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی اور ایران پر حملوں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ہی دن میں 5.79 فیصد اضافے کے بعد 77.09 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے، جبکہ مجموعی طور پر قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو 80 ڈالر فی بیرل کی سطح کو چھو رہی ہے۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے مشیر کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش اور وہاں سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کے دعوے نے بحران کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ تعطل برقرار رہا تو خام تیل 100 ڈالر فی بیرل تک بھی جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کا خدشہ؛ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہنگامی قدم اٹھا لیا

پاکستان میں اس عالمی لہر کے اثرات انتہائی تشویشناک ہو سکتے ہیں۔ ماہرینِ توانائی کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 روزہ نظرثانی کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 10 سے 15 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ اگر عالمی قیمت 80 ڈالر سے تجاوز کر گئی تو یہ اضافہ 25 روپے فی لیٹر تک بھی ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ یکم مارچ کو جب قیمتیں بڑھائی گئی تھیں، اس وقت خام تیل 73 ڈالر پر تھا۔

مزید پڑھیں: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

حکومتِ پاکستان نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے کمر کس لی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں 18 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس میں گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین اوگرا سمیت اہم حکام شامل ہیں۔ یہ کمیٹی عالمی جنگی صورتحال کے ملکی معیشت پر اثرات اور تیل کی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے حکمتِ عملی تیار کرے گی۔

Scroll to Top