ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف کمپنی ایپل نے رواں سال کا اپنا سب سے سستا اسمارٹ فون ‘آئی فون 17 ای’ متعارف کروا دیا ہے۔
یہ نیا ماڈل ڈیزائن کے لحاظ سے گزشتہ سال کے آئی فون 16 ای سے مشابہت رکھتا ہے، تاہم اس میں کئی اہم تکنیکی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فون میں آئی فون 17 والا جدید اے 19 پراسیسر استعمال کیا گیا ہے جو تیز رفتار پرفارمنس اور بہتر اے آئی پراسیسنگ فراہم کرتا ہے۔ اس کا ڈسپلے 6.1 انچ کے او ایل ای ڈی اسکرین پر مشتمل ہے، جس کے فرنٹ پر نئے ڈیزائن کے بجائے پرانا نوچ ڈیزائن برقرار رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون کے شوقین افراد کاانتظار ختم! ایپل 4 مارچ کو اپنا نیا سستا فون پیش کرے گا
فون کی خصوصیات میں ایپل کا اپنا تیار کردہ سی 1 ایکس موڈیم شامل ہے جو انٹرنیٹ کی رفتار کو مزید بہتر بناتا ہے، جبکہ اسکرین کے تحفظ کے لیے سرامکس شیلڈ 2 کا استعمال کیا گیا ہے۔ کیمرے کی بات کی جائے تو اس کے بیک پر 48 میگا پکسل کا سنگل کیمرا 4K ویڈیو ریکارڈنگ کی صلاحیت کے ساتھ موجود ہے، جبکہ فرنٹ پر 12 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا فیس آئی ڈی کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس ماڈل میں میگ سیف سپورٹ بھی متعارف کرائی گئی ہے جو تیز وائرلیس چارجنگ میں مدد دیتی ہے۔
آئی فون 17 ای میں آئی او ایس 26 آپریٹنگ سسٹم اور ایپل انٹیلی جنس فیچرز دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ سیٹلائیٹ کنکٹویٹی، واٹر اینڈ ڈسٹ ریزیزٹنس اور ای سم سپورٹ جیسے فیچرز بھی شامل ہیں۔ قیمت کے لحاظ سے اس کا 256 جی بی ماڈل 599 ڈالرز اور 512 جی بی والا ورژن 799 ڈالرز میں فروخت کیا جائے گا۔ یہ فون بلیک، وائٹ اور سافٹ پنک رنگوں میں 11 مارچ سے عالمی سطح پر دستیاب ہوگا۔




